25 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:30
دنیا میں قدرتی طور پر تقریباً 87 لاکھ اقسام کے جاندار پائے جاتے ہیں، تحقیق
جنگ نیوز -
لندن…جنگ نیوز… دنیا میں قدرتی طور پر تقریباً 87 لاکھ اقسام کے جاندار پائے جاتے ہیں جن کی صنف بندی میں ایک ہزار سال سے زیادہ لگ سکتے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سائنسدانوں نے 87 لاکھ کی تعداد ان کی نسل اور آپس میں رشتے کا مطالعہ کر کے دریافت کی ہے۔پی ایل او ایس نامی جرنل میں سائنسدانوں نے قارئین کو باخبر کیا ہے کہ بیشتر اقسام کے جاندار کے بارے میں معلومات حاصل کرنا مشکل ہو سکتا ہے کیونکہ وہ اس سے پہلے ہی دنیا سے ناپید ہو جائیں گے۔ 87 لاکھ میں سے زیادہ تر جانور ہیں جبکہ باقی کی تعداد پودوں وغیرہ پر مشتمل ہے۔ تقریباً بارہ لاکھ جاندار کی نشاندہی کی جا چکی ہے جن میں سے اکثریت سمندروں کے بجائے زمین پر پائی جاتی ہیں۔ زمین کی 14 فیصد اور سمندروں کی صرف نو فیصد جانداروں کی اب تک نشاندہی کی گئی ہے۔ محققین کی ایک ٹیم کے رکن کا کہنا تھا ان کے علاوہ باقی کے جاندار چھوٹے ہیں اور ان میں زیادہ تر ایسی جگہوں پر مقیم ہیں جہاں تک ہماری رسائی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا جب ہم جاندار کے بارے میں سوچتے ہیں تو ہمارے ذہن میں دودھ دینے والے جانور اور پرندے وغیرہ آتے ہیں جو کہ بہت عام ہیں۔ لیکن اگر آپ کسی گرم ملک کے گھنے جنگل میں جائیں تو آپ کو نئے قسم کے کیڑے مکوڑے دریافت کرنے میں دقت نہیں ہو گی اور اسی طرح سمندر کی گہرائیوں میں جائیں تو نوے فیصد سے زائد جاندار ایسے ہوں گے جن کی پہلے نشاندہی نہیں کی گئی ہو گی۔