25 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:41
خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز بارش
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ رات سے بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ خیبرایجنسی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کے پیش گوئی کی ہے۔ جہلم میں دیرگئے تک مسلسل موسلادھار بارش کے بعد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں ، جبکہ ٹرانسفارمر میں فنی خرابی کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ پشاور میں تیز بارش کے بعد گر می کی شدت میں کمی واقع ہو ئی ہے بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے لیکن شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے پشاور میں تین گھنٹوں کے دوران65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پشاور اور گردنواح میں موسلادھاربارش کا سلسلہ صبح شروع ہوا جو اب تک وقفے وقفے سے جاری ہے۔بارش کے بعد موسم توخوش گوار ہو گیا لیکن نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور نکاسئی آب کے نالے ابل پڑے۔ گل بہار، لاہوری گیٹ، زریاب کالونی، چارسدہ روڈ سمیت شہر کے مختلف نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔ بارش کیوجہ سے ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تین گھنٹوں کے دوران پشاور میں 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گجرات ، بہاول پور اور منڈی بہاوٴالدین میں بھی تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور روزہ داروں نے موسم خوشگوارہونے سے سکھ کا سانس لیا۔ سندھ کے شہروں لاڑکانہ، نوبشاہ، جیکب آباد ، شکارپور، خیرپور اور نوشہروفیروز سمیت بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیمرگرہ دیر میں 18 ملی میٹر، سیدوشریف ، مالم جبہ 30، بالاکوٹ 50، پاڑہ چنار 15، کوہاٹ 54 اور چراٹ میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ راولا کوٹ میں 92 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ جہلم میں 73، منگلا 58، کوہاٹ 54، بالاکوٹ 51، منڈی بہاالدین 50، سیالکوٹ 32، بہاولنگر31، مالم جبہ 30، جوہر آباد29، سیدو شریف 28، خضدار 22، لوئر دیر 18، پاراچنار 15، لاہور 13 اور مری میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔