26 اگست 2011
وقت اشاعت: 7:47
کوہستان،امدادی کارروائیوں کیلئے پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز پہنچ گئے
جنگ نیوز -
مانسہرہ…ضلع کوہستان میں طوفانی بارش کے بعد سیلابی پانی میں بہہ جانیوالے 63افراد اب بھی لاپتہ ہیں جبکہ33لاشیں نکال لی گئی ہیں ۔دوسری جانب پاک آرمی نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں طبی ٹیمیں اور خوراک بھیج دی ہیں۔ ڈی سی او کوہستان امتیاز شاہ کے مطابق تحصیل کندیا میں دو روز قبل طوفانی بارشوں اور گلیشئرز پر آسمانی بجلی گرنے کے بعد کندیا نالے میں شدید طغیانی سے علاقے میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ،ڈی سی او کے مطابق یونین کونسل گبریال کے گاوٴں رشاوٴ اور سمبلو باڑی کے پچاس سے زائد گھر اور63 افراد سیلابی پانی میں بہہ کر لاپتہ ہوگئے ہیں جن میں 18 مرد، 17خواتین اور 28بچے ہیں،،پولیس اور مقامی لوگوں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے 33 لاشیں نکال لی ہیں جن میں سے 20 کی شناخت کرلی گئی ہے۔امتیاز شاہ نے بتایا کہ پاک فوج نے پہلے مرحلے میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرین کے لئے خوراک جبکہ انکی طبی امداد کے لئے میڈیکل ٹیم روانہ کردی ہے۔