27 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:40
افغان شدت پسندوں کا حملہ،جاں بحق اسکاوٴٹس کی تعداد15ہوگئی
جنگ نیوز -
چترال…چترال میں افغان شدت پسندوں کے حملے میں شہید ہونے والے چترال اسکاوٴٹس کے جوانوں کی تعداد 15 ہوگئی۔ چترال میں اسکاوٴٹس کی مختلف پوسٹوں پر افغان طالبان نے حملہ کردیا۔ حملے میں ابتدائی طور پر اسکاوٴٹس کے 3 جوان شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ چترال اسکاوٴٹس کی جوابی کارروائی جاری ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق چترال میں پاک افغان بارڈ سے ملحقہ چیک پوسٹوں ارسون، دمیل نثار ، بودیبار اور میرکنی میں افغان طالبان نے حملہ کیا۔ حملہ آوروں کی تعداد سیکڑوں میں بتائی جاتی ہے۔ حملے میں چترال اسکاوٴٹس کے 3 جوان موقع پر شہید اور کئی زخمیہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں متعدد شدت پسند بھی مارے گئے۔ بعد ازاں مقامی ذرائع کے مطابق حملوں میں جاں بحق اسکاوٴٹس کی تعداد15ہو گئی ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں نے پاکستانی حدود بودیبار کے قریب ارندو روڈ کو بلاک کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے اسکاوٴٹس کی مزید نفری کو شدت پسندوں سے مزاحمت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم چترال اسکاوٴٹس کی جانب سے جوابی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔