27 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:30
افغان شدت پسندوں کا حملہ،چترال اسکاوٴٹس کے40 اہلکار شہید اہلکار
جنگ نیوز -
چترال…چترال میں اسکاوٴٹس کی مختلف پوسٹوں پر افغان طالبان کے حملے میں شہید ہونے والے چترال اسکاوٴٹس کے جوانوں کی تعداد 40ہوگئی ۔ پاک فوج نے شدت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کرکے متاثرہ علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق آج صبح چترال میں پاک افغان بارڈ سے ملحقہ چیک پوسٹوں ارسون، دمیل نثار ، بودیبار ، میرکنی اور ارندو میں افغان طالبان نے حملہ کیا۔ حملہ آوروں کی تعداد سیکڑوں میں بتائی جاتی ہے۔ جھڑپ کے دوران چترال اسکاوٴٹس کے 40 جوان شہید اور کئی زخمی ہوئے ہیں ۔ جوابی کارروائی میں متعدد شدت پسند بھی مارے جاچکے ہیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں نے پاکستانی حدود بودیبار کے قریب ارندو روڈ کو بلاک کردیا ہے جس کی وجہ سے اسکاوٴٹس کی مزید نفری کو شدت پسندوں سے مزاحمت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ صورتحال پر کنٹرول حاصل کرنے کے لئے پاک فوج نے ششی پل سے لے کر ارندو تک کرفیو نافذ کرکے افغان شدت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے۔ آپریشن میں بارڈر پولیس اور چترال اسکاوٴٹس کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں ۔ کرفیو کے نفاذ کے باعث ششی پل پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔