27 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:30
اختر بلند رانا نے آڈیٹر جنرل کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اختر بلند رانا نے آڈیٹر جنرل کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے ، ان پر عائد الزامات کا تذکرہ تقریب حلف برداری میں بھی بالواسطہ طور پر کیا گیا۔نئے آڈیٹر جنرل کا کہنا ہے کہ وہ سابق آڈیٹر جنرل کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری نے اختر بلند رانا سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے آئینی عہدے کا حلف لیا۔ اس سے پہلے سپریم کورٹ کے رجسٹرار اور تقریب حلف برداری کے سیکریٹری نے ابتدائی کلمات میں اختر بلند رانا سے متعلق چیف جسٹس اور صدر مملکت کے درمیان ہونے والی خط و کتابت کا تذکرہ کیا۔ رجسٹرار نے بتایا کہ اختررانا سے متعلق چیف جسٹس کے خط میں کمنٹس ، آئی ایس آئی ، ایف آئی اے اور سابق آڈیٹر جنرل کی رپورٹس کی بنیاد پر تھے۔ سپریم کورٹ کے انسانی حقوق سیل کو بھی اختربلندرانا کے خلاف ایک درخواست ملی تھی۔ چیف جسٹس کے صدر کو خط کے اقتباسات بھی تقریب میں پڑھ کر سنائے گئے۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو میں اختربلندرانا کا کہنا تھا کہ وہ اپنے خلاف تمام الزامات کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔