27 اگست 2011
وقت اشاعت: 16:28
کراچی:نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ سیاسی جماعت کے کارکنوں کیخلاف درج
جنگ نیوز -
کراچی . . .افضل ندیم ڈوگر. . . کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں فائرنگ سے ہلاک نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے،نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر سخت کشیدگی پیدا ہوگئی۔پولیس کے مطابق گلستان جوہر بلاک 11 حسین ہزارہ گوٹھ میں گذشتہ رات مسلح ملزمان نے احمد شاہ نامی ایک نوجوان کو اغواء کے بعد تشدد کرکے فائرنگ سے ہلاک کردیا۔ واقعہ کے خلاف علاقے میں سخت کشیدگی پھیل گئی۔ مشتعل افراد نے ایک سیاسی جماعت کا دفتر نذر آتش کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کے والد حیدر شاہ نے بیٹے کے قتل کا مقدمہ سیاسی جماعت کے کارکنوں محمد حسین، خالد سمیع، چھوٹو اور ندیم کے خلاف درج کرا دیا ہے، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ مقتول احمد شاہ کو آج بعد دوپہر ڈالمیا میں نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ جس کے بعد علاقے میں سخت کشیدگی پیدا ہوگئی۔ تاہم پولیس موقع پر موجود پولیس اور رینجرز نے صورتحال کو کنٹرول کرلیا۔ اس کے علاوہ سرجانی ٹاوٴن سیکٹر 7اے سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ شہر کے دیگر علاقوں میں امن و مان کی صورتحال کنٹرول میں ہے۔