27 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:14
عمران فاروق کیس سے متعلق منفی خبروں میں صداقت نہیں ،رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کے شہیدکنوینرڈاکٹرعمران فاروق کی شہادت کے واقعہ کی تفتیش کے حوالے سے میڈیاکے ایک مخصوص حلقے کی جانب سے ایم کیوایم کے خلاف سراسر جھوٹی اور شرانگیزخبریں پھیلا نے کے عمل کی شدید مذمت کی ہے ۔اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس حوالے سے بعض ٹی وی چینلز،اخبارات اورایک خبرایجنسی نے ڈاکٹرعمران فاروق شہیدکے واقعہ کے حوالے سے جوخبریں دی ہیں وہ سراسرجھوٹ، من گھڑت اور بے بنیاد ہیں جن کاحقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔اس شرانگیزی اوربہتان تراشی کے شرمناک عمل کامقصدمحض ایم کیوایم کوبدنام کرنااوراس کی ساکھ خراب کرنا ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیو ایم اس حوالے سے قانونی چارہ جوئی کیلئے اپنے قانونی ماہرین سے مشاورت کررہی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اسکاٹ لینڈیارڈ ڈاکٹرعمران فاروق کی شہادت کے واقعہ کی بھرپور تفتیش کررہی ہے لہٰذامیڈیاسے گزارش ہے کہ وہ اس حوالے سے من گھڑت خبروں اورقیاس آرائیوں سے گریزکرے۔