27 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:25
مشترکا مفادات کونسل نے صوبوں کو بجلی پیدا کرنے کا اختیار دے دیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . مشترکا مفادات کونسل میں صوبوں کو بجلی پیدا کرنے کا اختیار دے دیا گیا ، سیلاب زدگان کو اگلی دو قسطیں وفاق اور صوبے مل کر ادا کرینگے جبکہ زکوٰة کی تقسیم کا نیا فارمولا تیار کرنے پر بھی اتفاق ہو گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کراچی کی صورتحال پر کہا کہ یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے ، چاروں وزراء اعلیٰ کراچی میں آپریشن پر عوامی حمایت حاصل کریں۔ مشترکا مفادات کونسل کا اجلاس وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا جس میں چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ،وفاقی وزراء اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔ مشترکا مفادات کونسل نے صوبوں کو بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کرنے کا اختیار دینے کی منظوری دی اور اس حوالے سے وفاقی وزارت پانی وبجلی کو صوبوں سے مشاورت کرکے ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عیدالفطر کے بعد توانائی کانفرنس بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ سیلاب زدگان کو 20ہزار روپے کی دوسری اور 80ہزار کی تیسری قسط وفاق اور صوبے مل کر ادا کریں گے۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہاکہ وہ جمہوریت میں صرف مفاہمت پر یقین رکھتے ہیں اور اسی پر عمل کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں امن کیلئے سندھ حکومت کے اقدامات کو وفاق کی مکمل حمایت حاصل ہے۔مشترکا مفادات کونسل نے صوبوں کو منتقل کی گئی وزارتوں کے حل طلب امور اور ارسا کی مالی خودمختاری کے لیے آبی ٹیکس پر بھی غور کیا۔گیس انفرا اسٹرکچر لیوی ،نئے ٹیکسز کے نفاذ، مائع پٹرولیم گیس کی درآمد، نئی قومی مردم شماری کے امورپر غور ، آئندہ اجلاس تک موخر کردیاگیا ہے ۔