27 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:36
جتنی بھی قربانیاں دینا پڑیں دہشتگردی کیخلاف لڑیں گے، صدر زرداری
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . امریکی سینیٹرز کے وفد نے صدر آصف زرداری سے ملاقات کی ، اس موقع پر صدر مملکت کا کہناتھا کہ دونوں ممالک کو ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے جو دو طرفہ تعلقات پر اثر انداز ہونے کا باعث بنیں۔ امریکی سینیٹرز رابرٹ پی کیسے، شیلڈن وائٹ ہاوٴس،مائیکل بینیٹ اور رچرڈ بلومنتھل نے ایوان صدر میں صدر زرداری سے ملاقات کی۔صدر زرداری نے امریکی سینیٹرز پر زور دیا کہ دو طرفہ تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر ہونے چاہئیں اور چند واقعات کو مضبوط اور دیر پا تعلقات کے قیام کی کوششوں پر اثر انداز نہیں ہونے دینا چاہئے ، حساس معاملات پر زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو منفی پیغامات نہ جائیں۔صدر نے کہا کہ پاکستان کو چاہے جتنی بھی قربانیاں دینا پڑیں ، دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اس کے منطقی انجام تک ضرور پہنچایا جائے گا ۔امریکی سینیٹر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔