28 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:52
مکہ مکرمہ : حامد کرزئی کی سعودی فرمان رواشاہ عبد اللہ سے ملاقات
جنگ نیوز -
مکہ مکرمہ ... افغان صدر حامد کرزئی نے مکہ مکرمہ میں خادم الحرمین شریفین شاہ عبد اللہ سے ملاقات کی ہے ،جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال اور علاقائی و عالمی حالات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔افغان صدر حامد کرزئی نے اپنے وفد کے ہم راہ الصفا پیلس مکہ مکرمہ میں خادم الحرمین شریفین شاہ عبد اللہ بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ ملاقات سعودی انٹیلی جنس کے چیف شہزادہ مقرن بن عبد العزیز،شہزادہ ولید بن طلال، ڈپٹی چیف آف انٹیلی جنس شہزادہ عبد العزیز بن بندر،گورنر نجران ریجن اوردیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ اس موقع پرصدر کرزئی نے خادم الحرمین شریفین شاہ عبد اللہ کی انسانیت اور عالم اسلام کی عظیم خدمات کے اعتراف میں انھیں افغانستان کا اہم ترین ایوارڈ لیمار میڈل پیش کیا۔ جس پر شاہ عبد اللہ نے ان کا شکریہ ادا کیا اور افغانستان کے عوام کے لیے دعائیہ کلمات اور اپنے نیک جذبات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر افغان وفد کے سینئر عہدیدار ڈاکٹر زلمے رسول، نعمت اللہ شہرانی،بسم اللہ محمدی،محمد اسمٰعیل، چیف آف افغان علماء کونسل شیخ محمد قیام الدین کاشف بھی موجود تھے۔