28 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:57
کراچی،لیاری میں رینجرز کا سرچ آپریشن،متعدد افراد گرفتار
جنگ نیوز -
کراچی…لیاری کے مختلف علاقوں میں رینجرز کا سرچ آپریشن جاری ہے،جس کے دوران متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ جبکہ آٹھ چوک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو خواتین بھی زخمی ہوئیں،آپریشن کے خلاف علاقہ مکینوں کی جانب سے سٹرکوں پر جلاوٴ گھیراوٴ بھی کیا گیا ہے۔جیو نیوز کے نمائندیشعیب برنیکے مطابق آج علی الصباح رینجرز کی بھاری نفری کے علاوہ اینٹی ٹیررسٹ ونگ اور رینجرز کمانڈوز 5 سے زائد مقامات سے لیاری ٹاوٴن کے مختلف علاقوں میں داخل ہوئے،کچھ روز قبل لیاری کے علاقے میںآ پریشن کے لئے داخل ہونے والے رینجرز اہلکاروں کو علاقہ مکینوں نے احتجاج کرکے لی مارکیٹ کے قریب روک دیا تھا،جس کے بعد آج حکمت عملی میں تبدیلی دیکھی گئی۔ لیاری کے مختلف علاقوں کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔جس کے دوران لیاری کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا گیا ہے اور آپریشن والے علاقوں میں پوچھ گچھ کے بعد جانے کی اجازت دی جارہی ہے جبکہ غیر متعلقہ افراد کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ افشانی گلی ، عیدو لین، سنگو لین ، گل محمد لین , عثمان آباد ، دھوبی گھاٹ ، بغدادی کے علاقوں کو بھی رینجرز نے گھیرے میں لے کر گھرگھرتلاش لی۔رینجرز اہلکاروں کے پاس سیڑھیاں ، ہتھوڑ ے اور لاوٴڈ اسپیکر بھی موجود ہیں۔آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ رینجرز کی مد د کے لئے علاقوں کی اہم سڑکوں پر پولیس بھی تعینات ہے لیکن آپریشن میں حصہ نہیں لے رہی۔ ذرائع کے مطابق رینجرز نے نوالین میں ایک سیاسی جماعت کے دفتر اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے بھی مارے ہیں۔رینجرز کے آپریشن کے لئے علاقے میں داخل ہونے کے بعد علاقے کی خواتین نے مظاہرہ کیا اور نامعلوم افراد نے فائرنگ بھی کی جس سے دو خواتین 35 سالہ نسرین اور 45 سالہ زاہدہ زخمی ہوگئیں جنھیں طبی امداد کے لئے سول اسپتال پہنچایا گیا۔