تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
28 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:57

زیریں سندھ پنجاب اور خیبر پختون خوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

جنگ نیوز -


اسلام آباد…ملک میں ایک بار پھر مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ شمالی وزیرستان میں رات سے جاری تیز بارش کے باعث دریائے ٹوچی میں طغیانی آگئی ہے۔ جبکہ ایبٹ آباد میں تیز بارش کے بعد ندی نالے بپھر گئے ہیں جہاں سیلابی ریلے میں بہہ کر ایک ڈاکٹر بھی لاپتا ہوگیا۔ایبٹ آباد میں آج سحری کے وقت موسلا دھار بارش ہوئی جو اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ طوفانی بارش کے باعث ایبٹ آباد کے لنک روڈ پر سیلابی ریلے کی زد میں آکر ڈاکٹر سردار سجاد بہہ گئے، پولیس اور مقامی رضا کاروں نے لاپتہ ڈاکٹر کی تلاش شروع کردی ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث شہر کے تمام ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی ہے۔ رات گئے مظفرآباد میں ہونے والی موسلا دھاربارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، مانسہرہ اور گردونواح میں بھی تیز بارش ہوئی۔ صادق آباد ، رحیم یار خان اور بہاول نگر میں گرج چمک اور تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ ادھر شمالی وزیرستان میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والی تیزبارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، درجنوں کچے مکانات تباہ ہوگئے ہیں اور مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہے۔ جبکہ دریائے ٹوچی میں خطرناک حد تک طغیانی پیدا ہونے کے باعث دریا کے قریب آباد لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں پنجاب، خیبر پختونخواہ اور کشمیر میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے، جبکہ زیریں سندھ اور بلوچستان کے مشرقی حصوں میں ہلکی بارش کی توقع ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.