28 اگست 2011
وقت اشاعت: 12:18
کراچی:لیاری میں رینجرز کا سرچ آپریشن،اسلحہ اور ٹارچر سیل برآمد
جنگ نیوز -
کراچی…لیاری کے مختلف علاقوں میں رینجرز کا سرچ آپریشن مکمل ہوگیا، آپریشن میں ٹارچرسیل اور اسلحہ برآمد کرکے متعداد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ آپریشن کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو خواتین بھی زخمی ہوئیں،آپریشن کے خلاف علاقہ مکینوں کی جانب سے سٹرکوں پر جلاوٴ گھیراوٴ بھی کیا گیا ہے۔آج علی الصباح رینجرز کی بھاری نفری کے علاوہ اینٹی ٹیررسٹ ونگ اور رینجرز کمانڈوز 5 سے زائد مقامات سے لیاری ٹاوٴن کے مختلف علاقوں میں داخل ہوئے،کچھ روز قبل لیاری کے علاقے میں آپریشن کے لئے داخل ہونے والے رینجرز اہلکاروں کو علاقہ مکینوں نے احتجاج کرکے لی مارکیٹ کے قریب روک دیا تھا،جس کے بعدآج حکمت عملی میں تبدیلی دیکھی گئی۔ لیاری کے مختلف علاقوں کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کیا گیا،جس کے دوران لیاری کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا گیا اور آپریشن والے علاقوں میں پوچھ گچھ کے بعد جانے کی اجازت دی گئی جبکہ غیر متعلقہ افراد کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ افشانی گلی ، عیدو لین، سنگو لین ، گل محمد لین , عثمان آباد ، دھوبی گھاٹ ، بغدادی کے علاقوں کو بھی رینجرز نے گھیرے میں لے کر گھرگھرتلاش لی۔آپریشن کے دوران درجنوں افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔ رینجر۔ ذرائع کے مطابق رینجرز نے نوالین میں ایک سیاسی جماعت کے دفتر اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے بھی مارے ہیں۔رینجرز کے آپریشن کے لئے علاقے میں داخل ہونے کے بعد علاقے کی خواتین نے مظاہرہ کیا اور نامعلوم افراد نے فائرنگ بھی کی جس سے دو خواتین 35 سالہ نسرین اور 45 سالہ زاہدہ زخمی ہوگئیں جنہیں طبی امداد کے لئے سول اسپتال پہنچایا گیا۔کئی گھنٹے جاری رہنے والے سرچ آپریشن کو دوپہر میں مکمل کرلیا گیا۔بعد میں صحافیوں کو آپریشن کی جگہوں کا دورہ کرایا گیا۔سچل رینجرز کے بریگیڈئیروسیم یوب نے بتایا کہ رینجرز نے چھاپوں کے دوران ،نو سب مشین گن ، گولیاں اور بڑی تعداد میں دیگر اسلحہ برآمد کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دو ٹارچر سیل بھی ملے ہیں جہاں لوگوں کو لاکر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔