28 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:39
وفاقی وزیر دااخلہ رحمان ملک پیدائشی جھوٹے ہیں ،ذوالفقار مرزا
جنگ نیوز -
کراچی …پیپلز پارٹی کے رہ نما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے پارٹی عہدے اور وزارت سے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر دااخلہ رحمن ملک پیدائشی جھوٹے ہیں اور پاکستان کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار رحمن ملک ہوں گے۔ کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کے دوران ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے زیادہ وقت قرآن پاک پر ہاتھ رکھے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی غلط بات نہیں کی اور آئندہ بھی ظالم کو ظالم کہتے رہیں گے۔ انہوں نے پارٹی کے عہدے، وزرات اور صوبائی اسمبلی کی نشست سے استعفے کا اعلان کیا۔ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کو بھی کئی بار نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پیدائشی جھوٹے ہیں پیپلز پارٹی سندھ کے سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ کراچی کے صنعت کار ایم کیو ایم کو بھتا دیتے ہیں۔ وہ انہیں دعوت دیتے ہیں کہ تاجر اور صنعتکار ان کا ساتھ دیں۔ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ اگر چیف جسٹس آف پاکستان نے بلایا تو ان کے سامنے جا کر قرآن اٹھا کر تمام حقائق بیان کریں گے۔ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ شاہی سید کے عشائیے میں انہوں نے مہاجروں کو بھوکا ننگا نہیں کہا بلکہ ان لوگوں کے خلاف بات کی تھی جو پاکستان اور سندھ کو توڑنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار وہی ہوں گے جو کراچی میں ہونے والی قتل وغارت میں ملوث ہیں۔