28 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:39
جیوکے نمائندے ولی بابر کے قتل میں متحدہ ملوث ہے،ذوالفقارمرزا
جنگ نیوز -
کراچی …سابق صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ جیو نیوز کے شہید نمائندے ولی خان بابر کے قتل میں متحدہ قومی موومنٹ ملوث ہے، جس کے 5 ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں، جبکہ ایک ابھی تک فرار ہے جو جلد گرفتار کر لیا جائیگا۔ جیو نیوز کے شہید نمائندے ولی خان بابر کو 13 جنوری کو لیاقت آباد میں رات 9 بج کر 20 منٹ پر اس وقت قتل کیا گیا تھا جب وہ دفتر سے اپنا کام نمٹا کر گھر جا رہے تھے کہ موٹرسائیکل اور گاڑی میں سوار ملزمان نے گھیر کر ان پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی تھی جس سے 5 گولیاں ان کے چہرے اور گردن میں لگی جس سے ولی خان بابر موقع پر ہی شہید ہوگئے تھے۔ ذوالفقار مرزا نے کہا کہ ولی خان بابر کے قتل میں متحدہ قومی موومنٹ ملوث ہے۔ذوالفقار مرزا نے پریس کانفرنس کے دوران ولی بابرکے قاتلوں کی جوائنٹ انٹروگیشن رپورٹ بھی کیمرے کو دکھائی اور یہ بھی کہا کہ ولی بابر کا ایک قاتل لیاقت ابھی تک فرار ہے جس کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔