29 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:37
ذو الفقار مرزا کے الزامات کی مکمل تحقیقات ہونے چاہئیں،اسفند یار
جنگ نیوز -
پشاور…عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی نے کہا ہے کہ ذوالفقار مرزا نے انتہائی سنگین الزامات عائد کئے ہیں جن کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں، جبکہ ایم کیوایم کی قیادت کو چاہیے کہ پختونوں کو مطمئن کریں کہ وہ پختونوں کا خاتمہ نہیں چاہتے۔اسفندیارولی پشاور میں افطارڈنر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ذوالفقارمرزا کس کی زبان بول رہے ہیں،لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ ان کی طرف سے جو بھی الزامات عائد کئے گئے ہیں ان کی تحقیقات ہوں۔ اسفندیار ولی نے کہاکہ سپریم کورٹ کو وہ تمام فائلیں منگوانی چاہئیں جو ذوالفقار مرزا نے میڈیا پر دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کراچی میں ہونے والی کارروائی کو غور سے دیکھ رہے ہیں اور اگر پختونوں کو بلاوجہ ٹارگٹ بنایا گیا تو وہ اس کے خلاف اٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی کا کوئی بھی کارکن کراچی کی بدامنی میں ملوث پایا گیا تو اے این پی کی قیادت اس کی ذمہ دار نہیں ہوگی۔