30 اگست 2011
وقت اشاعت: 16:34
سندھ کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش
جنگ نیوز -
کراچی…سندھ کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے موسلادھاربارش جاری ہے۔نوابشاہ ،لاڑکانہ ،سکھر،بدین سمیت کئی علاقوں میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔نوابشاہ میں رات سے وقفے وقفے سے موسلادھاربارش کا سسلہ جاری ہے۔ضلع بھر میں اب تک 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے، بارشوں کے باعث تعلقہ میونسپل ایڈمسنیٹریشن عملے کی عید کی چھیٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں،اور نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں ، سیم نالے بند ہونے کی وجہ سے نہروں میں طغیانی ہے۔گوٹھ بخشوجمالی میں آسمانی بجلی گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئیں۔ضلع بدین میں گزشتہ شام ہونے والی طوفانی بارش سے کھلے آسمان تلے رہنے والے متاثرین بارش کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بارشوں کی وجہ سے متاثرین کی اپنے علاقوں کو واپسی کا عمل رک گیا ہے۔ حیدرآباد اور جامشورو اضلاع میں گرمی اور حبس کے بعد ہونے والی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ٹھٹھہ، ٹنڈو جام، ٹنڈو الہ یار اور گردونواح میں بھی آج صبح آندھی کے بعد گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ، میرپورخاص، جھڈو، نوکوٹ، کنری، مٹھی اور چھور سمیت تھر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔پنجاب کے ضلع وہاڑی اور اس کے مضافات میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی،،بلوچستان کے علاقے سبی ،حب اور بیلہ میں بھی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔