30 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:0
لاہور:ادھارواپس مانگنے پر تین سگے بھائی قتل
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور کے علاقے مغل پورہ میں عید الفطر سے قبل ادھار کی رقم واپس مانگنے پر تین سگے بھائیوں کوفائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیاگیا۔جس سے عیدکی تیاریوں میں مصروف گھرانے میں صف ماتم بچھ گئی۔یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسلم کالونی مغل پورہ کے رہائشی کبیر اورنعیم اپنے بڑے بھائی رشید کو لندن جانے کیلئے ائرپورٹ چھوڑنے جارہے تھے۔غوثیہ کالونی کے قریب گھات لگائے تین افراد نے فائرنگ کردی جس سے رشید،کبیر اورنعیم ہلاک ہوگئے۔تین بھائیوں کے قتل پر گھرمیں کہرام مچ گیا،تینوں بھائیوں کی بیوائیں اوربچے روتے پیٹتے سڑکوں پر آگئے اورایک دوسرے کے گلے لگ کربین کرتے رہے۔مقتولین کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلاکرمین شالیمار روڈ بلاک کردی اورپولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ پولیس کاکہناتھاکہ ملزموں کوجلد گرفتار کرلیا جائے گا۔