1 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:23
اندرون سندھ بارشوں سے تباہی ،بینظیر آباد آفت زدہ،7افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
کراچی …اندرون سندھ میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ،دادو میں طوفانی بارشوں کے باعث ایک ہزار سے زیادہ کچے مکان تباہ ہوگئے ، صوبہ بھر میں سات افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ضلع شہید بے نظیر آباد کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔ لاڑکانہ، قمبر، شہدادکوٹ، خیرپور، نواب شاہ، ٹھٹھہ، میر پور خاص، نوشہروفیروز، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈومحمد خان اور بدین سمیت تھر کے مختلف علاقوں میں بدھ کی شام سے تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ دوبارہ شروع ہونیوالی بارش کا سلسلہ تا حال وقفے وقفے سے جاری ہے،صرف بدھ کے روز مختلف علاقوں میں بارش کے دوران گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سمیت بجلی کا کرنٹ لگنے سے سات افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔حیدرآباد میں بھی بدھ کی شام سے بارش شروع ہوئی جو اب تک وقفے وقفے سے جاری ہے،حیدرچوک ،لطیف آباد6،لیاقت کالونی ،اسٹیشن روڈ ،ریلوے کالونی، مکرانی پاڑہ، سحرش نگر اوربھٹائی نگر سمیت شہر کے بیشتر نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا ہے۔شہر بھر میں سیوریج اور بجلی کا نظام درہم برہم اور انتظامیہ سڑکوں سے غائب ہے۔ایم ڈی واسا شفیق آرائیں کاکہنا ہے کہ بارش بند ہونے کے آٹھ گھنٹے بعد ہی پانی نکالاجاسکے گا،،وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ضلع شہید بے نظیر آباد کو آفت زدہ قرار دیدیا ہے جبکہ ضلع بھر کے لیے سات کروڑ روپے کی امداد کا بھی اعلان کیا ہے ۔ طوفانی بارش کے دوران دادو میں 17 افراد زخمی ہوئے،جبکہ سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی سبزی کی فصل تباہ ہوگئی۔کیرتھر کے پہاڑی سلسلے میں شدید بارشوں کے باعث گاج ندی میں طغیانی آگئی،سیلابی ریلا ایف پی بند سے ٹکرانے کے بعد زیر تعمیر ڈرگھ بالا جوہی پل پانی میں بہہ گئی جس کے باعث کاچھو کے سیکڑوں دیہات کا جوہی سے زمینی رابطہ معطل ہوگیا ہے۔ نوشہرو فیروز میں مکانوں کی دیواریں گرنے سے دو خواتین جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوئے،ڈی سی او میرپور خاص کے مطابق طوفانی بارش کے بعد نہروں اور سیم نالوں کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے اور ضرورت پڑنے پر پاک فوج اور بحریہ سے بھی مدد طلب کی جاسکتی ہے۔ ٹھٹھہ میں طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کے بعد بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی کررہے ہیں۔پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ ندی نالوں نالوں میں طغیانی آنے کے باعث قبائلی علاقے فاضلہ کچھ کا آج دوسرے روز بھی ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔ تونسہ میں پانچ سالہ بچے سمیت دو افراد برساتی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہوگئے،ٹنڈوباگو، ہنگورجہ، ڈیپارجہ، ٹھری میرواہ، رسول آباد اور نصیر فقیر جلالانی سمیت ضلع خیرپور کے دیگرعلاقوں میں بھی بدھ کی شام سے شروع ہونیوالی موسلا دھار بارش کا سلسلہ تا حال جاری ہے،نارا کے پہاڑی سلسلے میں طوفانی بارش کے بعد سیلابی ریلوں سے سوراہ اور اس کے مضافات میں سیلاب آگیا ہے۔