3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:32
شکر ہے کراچی میں عید کا دن ساتھ خیریت سے گزرا،فنکاروں کے تاثرات
جنگ نیوز -
کراچی …رپورٹ :فرقان احمد یوسفی...شوبز سے تعلق رکھنے والے ملک بھر کے فنکاروں نے عید روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی اور کراچی کے حالات کی بہتری کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ اداکارہ صائمہ، ریما، میرا، نرما، نور، آشا، سجنا، صلہ حسین، معمر رانا، شان اور دیگر نے لاہور میں جبکہ اداکارہ نرگس، روفی انعم، نائلہ رحمن، ماریا زاہد، حرا، سبیتا خان، شکیل صدیقی، رؤف لالہ، سکندر صنم، نسیم وکی، اطہر رنگیلا، ذوالقرنین حیدر، سلیم آفریدی اور حیدر شریف نے کراچی میں عید منائی، اداکارہ ریما دن بھر اپنی فلم ”لو میں گم“ کی پروموشن میں لگی رہیں اور فلم کے پہلے شو کے دوران لاہور کے سینے اسٹار سینما پر جاکر حاضرین کی تعداد کو دیکھا اور خوشی کا اظہار کیا، اداکارہ میرا سارا دن گھر پر رہیں، دن بھر لوگ اور رشتہ داروں سے عید ملتی رہیں، اداکارہ نور کی رہائش گاہ پر بھی لوگ سارا دن آتے رہے کیونکہ ان کے والد کے انتقال کے بعد ان کی یہ پہلی عید تھی، اداکارہ صلہ حسین نے لاہور کے مقامی سینما شبستان میں جاکر اپنی فلم ”بھائی لوگ“ کا پہلا شو دیکھا، اداکارہ نرگس نے عید کے روز کراچی میں ہونے والے ڈرامے ” امن کا چھکا“ میں پرفارمنس دی، روفی انعم، نائلہ رحمن، حمیرا خان، ماریا خان، حرا، سبیتا اور ماریا زاہد نے عید کراچی میں منائی اور اس روز ڈراموں میں پرفارم کیا۔جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے فنکاروں نے شکر اداکیا کہ کراچی میں عید کا دن ساتھ خیریت سے گزرا، شکیل صدیقی، رؤف لالہ نے کہا کہ ہمیں خوشی اور اطمینان ہے کہ کراچی میں امن اور سکون ہوا ہے، ہماری دعا ہے کہ کراچی ایک مرتبہ پھر امن و آشتی کا گہوارا بن جائے اور سلیم آفریدی نے کہا کہ کراچی میں امن اور سکون کے لئے ثقافتی سرگرمیاں مثبت کردار ادا کرسکتی ہیں، روفی انعم اور نائلہ رحمن نے کہا کہ ہمارے شہر کو دشمنوں کی نظر لگ گئی ہے، اسٹیج اداکارہ ماریا زاہد، حرا اور سبیتا نے کہا کہ عید مذہبی تہوار ہے اسے منانا تو پڑتا ہے۔