تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:32

سندھ میں وزیراعلیٰ اور وزیرداخلہ کی منظوری کے بغیر کام نہیں کرتا، رحمن ملک

جنگ نیوز -


کراچی …وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ وہ سندھ میں کوئی کام وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ سندھ کی منظوری کے بغیر نہیں کر تے۔ وہ صوبائی حکومت کی مدد کر رہے ہیں جو صوبائی معاملات میں دخل اندازی نہیں ہے۔ یہ بات انھوں نے کراچی سینٹرل جیل کے دورہ کے موقع پرکہی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے خواتین قیدیوں، ان کے بچوں اور بچہ جیل میں مقیم قیدیوں سے ملاقات کی اور ان میں تحائف اور مٹھائیں تقسیم کیں۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیل اسٹاف کی تنخواہیں اور مراعات موٹر وے پولیس کے برابر کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ انھوں نے کہا کہ باجوڑ کے بارڈر سے 30 بچوں کو اغوا کرکے افغانستان لے جایا گیا جن میں سے 10 کو چھوڑ دیا گیا ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ ان بچوں کی بازیابی کیلئے افغان وزیر داخلہ سے بات چیت ہوئی ہے جنھوں نے مثبت جواب دیاہے۔ رحمن ملک نے کہاکہ یہ بھی دیکھنا ہے کہ ان بچوں کو ان حالات میں پکنک منانے کی اجازت کیوں دی گئی۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ سندھ کی جیلوں میں آئندہ چھاپے ماریں گے کیونکہ یہاں موبائل کے استعمال کی شکایات مل رہی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ جیل میں پی سی او لگا دیئے جائیں، تاکہ قیدی جیل حکام کی نگرانی میں اپنوں سے بات چیت کرسکیں۔ رحمن ملک نے کہاکہ ملک میں کھلونوں کا اسلحہ بنانے والی فیکٹریوں اور ایسے کھلونوں کی درآمد پرپابندی لگائی جائے کیونکہ ان سے بچوں میں تشدد کا رجحان پیدا ہوتا ہے۔اپنے دورہ کے موقع پر رحمن ملک نے جیل میں موجود دو بچوں کو کھلونا پستول توڑنے کا کہا اور پستول توڑنے پر بچوں کو پانچ پانچ ہزار روپے دیئے۔




متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.