3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:19
آصف زرداری نے وزیر اعظم بننے کی خواہش کا اظہار کیا،وکی لیکس
جنگ نیوز -
واشنگٹن...آصف زرداری نے2008میں پاکستان کا وزیر اعظم بننے کی خواہش کا اظہار کیا،اس بات کا انکشاف وکی لیکس کی جانب سے جاری کئے جانے والے مراسلے میں کہا گیا تاہم آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل ندیم تاج اور طارق عزیز نے آصف علی زرداری پر زور دیا تھا کہ وہ وزارت عظمیٰ کے لیے خود امیدوار نہ بنیں کیونکہ اس کی وجہ سے پیپلز پارٹی تقسیم ہو سکتی ہے اور جماعت کا قومی اثر و رسوخ کم ہو سکتا ہے۔آصف علی زرداری نے چودہ فروری سال دو ہزار آٹھ میں خود وزیراعظم بننے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔طارق عزیز نے آصف علی زرداری کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ مخدوم امین فہیم کو وزیراعظم بنایا جائے لیکن آصف زرداری کا کہنا تھا کہ امین فہیم ایک کمزور انتظامی شخصیت ہیں اور ان کے پاس نظام حکومت چلانے کی خصوصیات نہیں ہیں،بعد میں طارق عزیز نے امریکی سفیر کے سامنے تسلیم کیا کہ آصف زرداری نے ٹھیک کہا ہے کیونکہ مخدوم امین فہیم جب وزیرِ مواصلات تھے تو وہ اپنا زیادہ وقت کراچی میں واقع اپنے گھر میں گزارتے تھے اور دفتر ہفتے میں چند دن کے لیے ہی آتے تھے اور دفتر بھی دن کے درمیانی حصے میں آتے تھے۔