3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:19
متاثرین بارش کوفوری امدادفراہم کی جائے ،حق پرست اراکین اسمبلی
جنگ نیوز -
کراچی…حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے سندھ میں جاری طوفانی بارشوں کے باعث شدیدتباہی اورجانی ومالی نقصانات اورحکومت کی جانب سے متاثرین کوامداد کی عدم فراہمی پرگہری تشویش کااظہارکیاہے اورمطالبہ کیاہے کہ سندھ میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں کوآفت زدہ قراردیکرہنگامی بنیادوں پرعوام کوریلیف فراہم کیاجائے۔اپنے مشترکہ بیان میں اراکین سندھ اسمبلی نے کہاکہ سندھ میں حالیہ شدیدطوفانی بارشوں سے ہونے والی تباہی اوراس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات ہونے پرحکومت فوری طورپرتوجہ دے ، دریائے سندھ اورسیم وبرساتی نالوں پربندوں اورپشتوں کی بروقت مرمت نہ ہونے کے باعث پانی سے اندرون سندھ کے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ،جہاں سینکڑوں مکانات بہہ گئے،کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں اوران علاقوں میں وبائی امراض بھی پھوٹ پڑے ہیں جس کے باعث متعددافراداپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اندرون سندھ خصوصاًبدین ،ماتلی،ٹھٹھہ ،میرپورخاص اورٹیل کے دیگر علاقوں میں بارشوں سے متاثرہ لاکھوں عوام امدادکی عدم فراہمی کے باعث بھوک پیاس سے بے حال ہیں اورحکومت کی سردمہری کیخلاف سراپاء احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نہ صرف متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں بلکہ متاثرین کوامدادکی ہرممکن فراہمی کوبھی یقینی بناتے ہوئے عملی اقدام بھی اٹھائیں۔حق پرست اراکین نے صدرآصف علی زرداری ،وزیراعظم سیدیوسف رضاگیلانی اور وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کیاہے کہ سندھ میں شدیدطوفانی بارشوں سے پھیلنے والے وبائی امراض کی روک تھام اوربھوک وپیاس سے بے حال متاثرہ عوام کوامدادفراہم کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اورسندھ کے عوام کے ساتھ دوہراسلوک بندکیاجائے۔