4 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 4:44
ریاض :حملے میں 39 پاکستانی زخمی ،سعودی حکام کی کارروائی کی یقین دہانی
جنگ نیوز -
ریاض ... سعودی حکام نے دارالحکومت ریاض میں 39 پاکستانیوں کو تشدد کانشانہ بنانے میں ملوث افریقیوں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرادی ہے تاہم کسی ملزم کی گرفتاری کی فی الحال اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔ریاض میں جامعہ امیرہ نورہ بنتِ عبدالرحمان پر کام کرنے والے پاکستانیوں پر ہفتے کو ایتھوپیا اور صومالیہ کے باشندوں نے پھر حملہ کیاتھا جس میں 39مزدوروں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔زخمیوں کوعبیداورکنگ ڈم اسپتال منتقل کیاگیا۔عینی شاہدین نے جیونیوز کو بتایاکہ حملے سے خوف ذدہ دیگرپاکستانی مزدوروں نے خود کو کمروں میں بند کر کے اپنی جانیں بچائیں۔حملے کے وقت سعودی اورپاکستانی حکام نے ان کی مددنہیں کی۔تاہم سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر کاکہناتھاکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طورپر تعمیراتی کمپنی اور سعودی پولیس سے رابطہ کیاتھااوراہلکاروں کی بروقت مداخلت کے سبب صورت حال قابومیں کرلی گئی۔سعودی عرب میں تعمیراتی کمپنی کے پاکستانی ملازمین پرحملوں کایہ پہلاواقعہ نہیں۔عینی شاہدین کادعویٰ ہے کہ افریقی شہری ان کاسامان لوٹ لیتے ہیں اوراحتجاج پرنہ صرف دھمکیاں دی جاتی ہیں بلکہ تشددسے بھی دریغ نہیں کیاجاتا۔