4 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 7:51
بے نظیر بھٹو نوازشریف کو کمزور اور زیادہ لائق نہیں سمجھتی تھیں،وکی لیکس
جنگ نیوز -
واشنگٹن...سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو نواز شریف کو کمزور اور زیادہ لائق نہیں سمجھتیں تھیں لیکن وہ ان کے بھائی شہباز شریف کو اس سے بھی زیادہ ناپسند کرتی تھیں۔انکے نزدیک شہباز شریف ، نواز شریف سے زیادہ ذہین مگر کہیں زیادہ ظالم بھی تھے۔ وکی لیکس نے 31 اگست1998 کو اسلام آباد کے امریکی سفارتخانے کی جانب سے بھیجے گئے سفارتی تجزیئے میں بینظیر کے خیالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاگیا ہے کہ شہباز شریف کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ اگرچہ وہ اپنے بھائی سے زیادہ ذہین ہیں لیکن وہ اس سے کہیں زیادہ ظالم بھی ہیں اور اس حوالے سے وہ اس بیوروکریٹ کا حوالہ دیتی تھیں جسے شہباز شریف نے گندے پانی میں کھڑے ہونے کا حکم دیا تھا، اسلامائزیشن کے ساتھ نواز شریف کی چھیڑ چھاڑ کو وہ محض نواز شریف کی سیاسی موقع پرستی نہیں سمجھتی تھیں ان کا خیال تھا کہ دراصل اس عمل سے نواز شریف کے اندر کی عکاسی ہوتی ہے۔کیونکہ ان کے والد کے لاہور کے علماء سے تعلقات تھے اور اسکی ایک اور وجہ وہ یہ بتاتی تھیں کہ خود نواز شریف بھی اپنی اولاد کی تربیت انہی خطوط پر کر رہے ہیں۔