تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
4 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:42

بدین ،نواب شاہ اور تھر میں بارش سے ہزاروں افراد بے گھر

جنگ نیوز -


کراچی…سندھ میں بارشوں کے بعد ہزاروں افرادکھلے آسمان تلے مدد کے منتظر ہیں۔آج صبح سے بارشوں کا سلسلہ تو تھم گیا لیکن کچے مکانات گرنے اور نہروں میں شگاف سے تباہی اب بھی جاری ہے۔حالیہ بارشوں کے بعد تباہی ہے کہ رکنے کا نام نہیں لے رہی،بدین کے قریب سیم نالے میں70 فٹ چورا شگاف پڑ نے سے پانی درجنوں دیہات کی جانب بڑھ رہاہے بدین کے قریب ایل بی او ڈی سیم نالے میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ جانے کے بعد روشن آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں سے پاک فوج کے جوانوں نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔محکمہ انہار کے مطابق دادو میں موسلادھار بارش کے بعدمنچھر جھیل میں پانی کی سطح 113 فٹ اور دادو مورو پْل کے مقام پر پانی کی سطح 4فٹ اضافے کے ساتھ 122 فٹ ہوگئی ہے۔شدید بارشوں کے نتیجے میں تحصیل جوہی کے گوٹھ ابراہیم چانڈیو، فضل لوند اور لعل بخش لوند زیر آب آجانے کے بعد لوگوں نے چارپائیوں کو کشتی بنایا اور اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات کی طرف چل پڑے۔میرپورخاص کی یونین کونسل کھان کے قریب سیم نالے میں ایک اور شگاف پڑنے سے مزید 3 دیہات زیر آب آگئے ہیں جبکہ ریلوے سب وے برج بھی 6سے 8فٹ پانی میں ڈوبا ہوا ہے،نوکوٹ کے قریب سیم نالے کا پانی شہر میں داخل ہوگیاہے،سانگھڑ اورعمرکوٹ میں مختلف امراض میں مبتلا خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں افراد کو اسپتالوں میں لایا گیا ہے۔خیرپورکے علاقے کوٹ ڈیجی اور نارا کے بیشتر علاقے اب بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، فیض گنج کی علی نواز نہروں میں 50 ،50 فٹ شگاف پڑنے کے بعد ان نہروں سے پانی کا اخراج بند کردیاگیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.