4 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:5
بجلی بندش کیخلاف مظاہرین کااحتجاج، شاہراہ فیصل بلاک کر دی
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں شاہ فیصل کے علاقے سادات کالونی کے رہائشیوں نے پانچ دن سے بجلی کی بندش کیخلاف ناتھا خان پل شاہراہ فیصل پر احتجاج کیا اور سڑک بلاک کر دی۔ رینجرز اور پولیس نے کارروائی کر کے ٹریفک کی روانی بحا ل کی اور سات مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ سادات کالونی چاوٴلہ پل کے رہائشیوں کے مطابق ان کے علاقے میں چاند رات سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ بجلی کی طویل بندش کیخلاف درجنوں مکینوں نے شاہراہ فیصل پر ناتھا خان پل کے قریب احتجاج کیا اور ٹریفک معطل کر دی، ذرائع کے مطابق ایک اعلیٰ حکومتی شخصیت بھی کچھ دیر اسی ٹریفک جام میں پھنسی رہی، جس کی ہدایت پر رینجرز کے درجنوں اہلکار اور پولیس نے کارروائی کر کے مظاہرین کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک بحال کرا دی، اس موقع پر سادہ کپڑوں میں ملبوس رینجرز افسران پولیس کو ہدایات دیتے رہے،مظاہرین کے منتشر ہونے کے بعد رینجرز افسران اور جوانوں نے سات مظاہرین کو حراست میں لے لیا، اس دوران رینجرز کے ایک اعلیٰ افسر نے مظاہرین میں شامل ایک نوجوان کو زدوکوب بھی کیا۔ رینجرز افسران اور اہلکار میڈیا کے نمائندوں کو بھی کوریج کرنے سے مسلسل روکتے رہے۔سادہ لباس رینجرز افسران کی ہدایت پر شاہ فیصل تھانے کے ایس ایچ او ندیم بیگ نے سات مظاہرین کو باقاعدہ گرفتار کر لیا۔