4 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:23
لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی وائرس کا ٹیسٹ کرانیوالوں کی بھیڑ
جنگ نیوز -
لاہور…ڈینگی وائرس نے لاہوریوں میں خوف ہراس پھیلا دیا ہے، ہلکے بخار پر بھی لوگ اسپتالوں کی طرف دوڑنے لگے ہیں۔ ایمرجنسی اور دیگر وارڈز ڈینگی وائرس کا ٹیسٹ کرانے والوں سے بھر گئے ہیں۔لاہور میں ڈینگی وائرس نے اپنے پنجے گاڑھ لئے،ضلعی انتظامیہ اس بیماری کو پھیلانیوالے مچھر پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہے۔صرف ان علاقوں میں اسپرے کیا گیا جہاں پچھلے سال ڈینگی کے زیادہ کیسزسامنے آئے۔ پورے لاہور میں اسپرے نہ ہونے کے باعث روزانہ درجنوں افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔اس صورت حال نے شہریوں کو خوفزدہ کر دیا، اب جسے ہلکا بخار بھی ہوتا ہے وہ گھبرا کر اسپتال کا رخ کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسپتالوں میں جگہ کم پڑ گئی، ایک بیڈ پر دو دو مریض رکھے گئے ہیں، جبکہ اکثر حفاظتی مچھر دانیوں سے بھی محروم ہیں۔