4 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:34
حکومت سقوط کراچی کی تیاریاں کر رہی ہے،منورحسن
جنگ نیوز -
پشاور…جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ کراچی میں فوجی آپریشن کا نتیجہ سقوط ڈھاکا سے مختلف نہیں ہوگا۔حکومت سقوط کراچی کی تیاریاں کر رہی ہے۔پشاور میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام عیدملن پارٹی سے خطاب میں منور حسن کا کہنا تھا کہ کراچی میں فوجی آپریشن سے ماورائے عدالت قتل ہوں گے اورسقوط ڈھاکا جیسے حالات پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سقوط کراچی اور سقوط بلوچستان کی تیاریاں کررہی ہے۔ منور حسن نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں جرگہ کی سیاست کی جائے اور آپریشن بندکرکے مسائل مذاکرات سے حل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے اعلان کیا تھا کہ بلوچستان میں آپریشن ختم کیا جائے گا لیکن تین ماہ گزرنے کے باوجود اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں سید منور حسن نے کہا کہ ذوالفقار مرزاکے بیانات کے بعد پیپلز پارٹی کو اپنا محاسبہ کرنا چاہئے اور سپریم کورٹ بھی ایم کیو ایم کے بارے میں ذوالفقار مرزااور آغاسراج درانی کی معلومات سے استفادہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو ملک سے الگ کرنے کی عالمی سازش کی جارہی ہے اور ایم کیو ایم اس سازش کا حصہ ہے۔