تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
4 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:34

اندرون سندھ بارش متاثرین کا امداد نہ ملنے کیخلاف شدید احتجاج

جنگ نیوز -


کراچی …سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کے پانی کی عدم نکاسی اور امدادی اشیاکی عدم فراہمی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔دادو شہر میں بارشوں سے متاثرہ افراد نے ریلیف کیمپوں میں سہولتوں کی عدم فراہمی اورکھانا فراہم نہ کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔بدین میں امدادی سامان کی عدم فراہمی اور رہائشی علاقوں سے بارش کا پانی نہ نکالنے کیخلاف سیکڑوں افراد نے ڈی سی او چوک پر احتجاج کیا اور دھرنا دیا جس کے باعث کراچی جانے والا ٹریفک گھنٹوں معطل رہا۔ قاضیہ واہ پل اور ایوان صحافت کے سامنے بھی متاثرین بارش نے احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔نوشہروفیروز میں لاکھا روڈ کے قریب متاثرین نے خیمہ اور راشن نہ ملنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔ مظاہرین کا کہنا تھاکہ ان کے گاوٴں میں بارشوں سے 80 مکانات گر گئے ہیں مگر حکومت کی جانب سے کچھ نہیں دیا گیا۔میر پور خاص میں بھی پریس کلب کے سامنے سیکڑوں شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ میرواہ، جھڈو اور نوکوٹ میں بھی متاثرین بارش نے امدادی سامان کی عدم فراہمی کیخلاف احتجاج کیا۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ وہ ایک ہفتے سے روٹی اور پانی کے لیے ترس رہے ہیں، صرف حکومتی ارکان اسمبلی کے علاقوں میں امدادی کارروائیاں تو کی جا رہی ہیں۔نواب شاہ میں لانڈھی بس اسٹاپ، مہران کالونی، بھٹائی ٹاوٴن،قاضی احمد روڈ اور گوٹھ صلاح الدین ڈاہری سمیت ضلع بھر میں درجنوں مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے اورحکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مطاہرین کا کہنا تھا کہ حکومتی نمائندے صرف فوٹو سیشن میں ہی مصروف ہیں ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.