8 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 5:59
ایم کیو ایم نے بغیر ڈیل وزیر اعظم گیلانی کو ووٹ دیا تھا، وکی لیکس
جنگ نیوز -
کراچی…وکی لیکس سے انکشافات ہوا ہے کہ متحدہ قومی مووٴمنٹ نے پیپلز پارٹی سے کچھ دو اور کچھ لو کے بغیر یوسف رضا گیلانی کو وزیر اعظم بنانے کے حق میں وٹ دیا۔ یہ بات ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے اٹھائیس مارچ دو ہزار آٹھ کو اسلام آباد کا دورہ کرنیوالے نائب امریکی وزیر خارجہ رچرڈ باوٴچر سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات کی تفصیل امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن نے بذریعہ مراسلہ واشنگٹن کو لکھی۔ مراسلے کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے دو ہزار دو میں بھی پیپلز پارٹی کیساتھ کام کرنا چاہا لیکن انھوں نے سنجیدگی نہیں دکھائی جس کے بعد ہی مسلم لیگ ق کی ساتھ الحاق کیا گیا۔ ایم کیو ایم کے رہ نما نے نائب امریکی وزیر خارجہ کو مزید بتایا کہ ان کی جماعت دوبارہ پیپلز پارٹی کیساتھ چلنا چاہتی تھی لیکن ن لیگ کے قائد نواز شریف نے آصف علی زرداری کو سبز باغ دکھائے جس کی وجہ سے پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ان کے قائد الطاف حسین نے دو ہزار آٹھ کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کا احترام کرنے کی ہدایت کی اور یہ بھی انکشاف کیا کہ وزیر اعظم کے انتخاب کے موقع پر ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کیساتھ بغیر کسی ڈیل کے یوسف رضا گیلانی کے حق میں ووٹ دیا۔