8 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 7:6
سندھ کے مختلف شہروں میں بارشیں جاری
جنگ نیوز -
میر پور خاص . . . سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔بدین میں متعدد علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔نوشہروفیروز میں پانچ مزید دیہات زیر آب آگئے۔ میر پور خاص اور سانگھڑ میں گزشتہ رات سے جاری بارش سے شہری گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔شہر میں نکاسِ آب کے لئے لگائی گئی موٹریں بھی پانی میں ڈوب گئی ہیں۔سانگھڑ میں رات گئے ڈسٹرکٹ جیل کی چھ بیرکوں کی چھتیں گر گئیں تاہم قیدی محفوظ رہے۔ ضلع نوشہروفیروز میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔پْھل مصرجیوا لنک روڈ پر دو فٹ تک برساتی پانی کھڑا ہونے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مورو کے علاقوں ملک کالونی ریلوے اسٹیشن کالونی ،صادق کالونی سمیت بیشتر رہائشی علاقوں میں چار سے پانچ فٹ پانی جمع ہوگیا ہے جس سے کاروبار زندگی معطل ہے۔گزشتہ روز پْھل میں زمینداروں کی جانب سے لگائے گئے کٹ سے پانچ مزید دیہات زیر آب آگئے۔ نوابشاہ میں کئی گھنٹوں سے جاری بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔مسلسل بارش کے باعث اسکولوں اور سڑکوں پر پناہ لئے ہوئے بے گھر متاثرین رات بھر بھیگتے رہے۔ دادو میں بھی گزشتہ رات سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔