تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
8 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 8:3

سانگھڑ، آسمانی بجلی گرنے سے خاتون سمیت6افراد جاں بحق

جنگ نیوز -


سانگھڑ…سندھ میں شدید بارشوں کے بعد تباہی کا طوفان سر اٹھائے کھڑا ہے۔ سانگھڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے چھ افراد جان سے گئے جس کے بعد سندھ بھر میں آج جاں بحق ہونیوالے افراد کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔ سندھ کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ سانگھر کے علاقے چوٹیاری میں آسمانی بجلی گرنے سے چھ جبکہ پیرومل میں گھر کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔ بدین کے قریب چار ہزار دو سو کیوسک پانی کی گنجائش رکھنے والا ایل بی او ڈی میں بائیس ہزار کیوسک کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے جس نے ہر طرف تباہی مچا رکھی ہے ۔ یہاں پشتوں پر کام کرنیوالے پانچ سو مزودروں کو خوراک کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سیلابی ریلوں اور طوفانی بارشوں کے باعث بدین ونگو روڈ، کڈھن نندو روڈ،شادی لارج پنگریو روڈ سمیت مختلف علاقوں کے زمینی راستے منقطع ہوگئے ہیں ،گولاڑچی کی یونین کونسل ترائی،گڑو اور راہوکی کے سیلاب زدہ علاقوں میں زمینی رابطے ختم ہو جانے کے بعد کشتیوں کے ذریعے آمد و رفت جاری ہے۔ میر پور خاص میں گزشتہ دوپہر سیمسلسل بارشوں کے باعث شہریوں نے اذانیں دینا شروع کردی ہیں۔ نارا کے پہاڑوں سے آنے والے برساتی ریلے سے مزید 50 دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ یہاں گھروں کی چھتیں گرنے سے دو افراد بھی جان سے گئے۔ ضلع نوشہروفیروز اور مورو کا حال بھی بْرا ہے۔ پْھل میں زمینداروں کی جانب سے لگائے گئے کٹ سے پانچ مزید دیہات زیر آب آگئے۔ بحریا روڈ کے قریب ایک شخص گڑھے میں گرکر جاں بحق ہوگیا۔ بارشوں کی وجہ سے دادو کے گاوٴں سلیم آرائیں میں درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ تیار فصلیں تباہ ہوگئیں۔ ٹنڈوالہ یار اور قریبی علاقوں میں بھی بدھ کی شام سے مسلسل تیز بارش سے صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے۔ نوابشاہ میں حال یہ ہے کہ مسلسل بارش کے باعث اسکولوں اور سڑکوں پر پناہ لئے ہوئے بے گھر متاثرین رات بھر بھیگتے رہے لیکن ان کی مدد کو کوئی نہیں آیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.