8 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:4
’لانگ مارچ کے بعد زرداری نواز ملاقات سیاسی پوائنٹ اسکورنگ تھی‘
جنگ نیوز -
کراچی…امریکی سفیر این پیٹرسن نے دو ہزار نو میں واشنگٹن کو آگاہ کیا تھا کہ لانگ مارچ کے بعد صدر زرداری اور میاں نواز شریف کے درمیان ملاقات سیاسی پوائنٹس بڑھانے سے زیادہ کچھ نہیں تھی۔ اکیس جولائی دو ہزار نو کو امریکی سفیر این پیٹرسن نے واشنگٹن مراسلہ بھیجا جس میں سترہ جولائی کو پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے قائدین کے درمیان لانگ مارچ کے بعد ہونیوالی پہلی ملاقات کی تفصیل بتائی گئی۔ مراسلے کے مطابق بابر اعوان نے امریکی پولیٹیکل قونصلر سے ملاقات میں بتایا کہ صدر زرداری نے رائے ونڈ میں نواز شریف سے ملاقات اس لیے کی تاکہ عوامی سطح پر پیدا ہونے والے اس تاثر کو ختم کیا جائے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ ختم ہوگئی ہے۔ مراسلے کے مطابق مسلم لیگ نون کے رہ نما خواجہ آصف نے بھی امریکی پولیٹیکل قونصلر سے ملاقات میں یہ اشارہ دیا کہ نواز شریف نے وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے دورہ پاکستان کی وجہ سے صدر زرداری سے ملاقات پر حامی بھری۔ این پیٹرسن نے لکھا کہ نواز شریف ،، صدر زرداری سے مل کر اپنا یہ امیج بڑھانا چاہتے تھے کہ وہ قومی اتحاد کیلئے پرْعزم ہیں۔