8 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:30
امریکا جنوبی ایشیاء میں پاکستان کی اہمیت پر یقین رکھتا ہے، امریکی وزیر دفاع
جنگ نیوز -
واشنگٹن…جنگ نیوز…امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا نے کہا ہے کہ امریکا جنوبی ایشیاء کے خطے میں پاکستان کی اہمیت پر یقین رکھتا ہے، انسداد دہشتگردی سے متعلق امور پر اختلافات کے باوجود اسلام آباد کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔ پی بی ایس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے لیون پنیٹا نے گزشتہ کئی برسوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ القاعدہ کے رہنما یونس الموریطانی کو پاکستان نے امریکا کے ساتھ کام کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے ہائی ویلیو ٹارگٹس کے تعاقب میں پاکستان نے کئی طرح سے ہمارے ساتھ تعاون کیا ہے اور وہ آئندہ بھی واشنگٹن کے ساتھ کام کرنے پر تیار ہے۔ لیون پنیٹا نے کہا کہ پاکستان دنیا کے اس خطہ کا ایک اہم ملک ہے جو ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان ایک جوہری طاقت ہے اور اس کو بذات خود دہشت گردی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور دیگر شعبوں میں بھی استحکام کے حوالے سے پاکستان کا بنیادی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کہ مختلف امور میں پاکستان اور امریکا کے مابین اختلافات موجود ہیں تاہم واشنگٹن اسلام آباد کو شراکت دار بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔