9 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 7:15
نائن الیون کے10سال مکمل، امریکا میں دہشت گردی کا خطرہ
جنگ نیوز -
نیویارک…امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا میں نائن الیون کے 10 سال مکمل ہونے پر دہشتگردی کا خطرہ ہے۔ امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ تین مشتبہ افراد امریکا میں داخل ہوگئے ہیں۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ نائن الیون کی تقریب کے موقع پر دہشتگردی سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات ہیں جس کے تحت واشنگٹن اور نیویارک میں خطرات منڈلارہے ہیں تاہم دیگر شہروں کو بھی دہشتگردی کے خطرے سے خارج ازمکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ صدر اوباما کے حکم پر سیکیورٹی کے اقدامات بڑھادیے گئے ہیں جبکہ امریکی شہریوں کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ امریکی ٹی وی نے انٹیلی جنس حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ تین مشتبہ افراد حملے کی نیت سے امریکا میں داخل ہوئے ہیں۔ نیویارک کے میئر نے بھی شہر میں گیارہ ستمبر کو دہشتگردی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔