تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:35

پاکستان پر قرضوں کا کل حجم 108کھرب روپے تک جاپہنچا

جنگ نیوز -


کراچی...ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ 2011 کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستانی معیشت سیلاب، بجلی کے بحران اور امن و امان سے خاصی متاثر ہوئی جبکہ ٹیکس کی آمدنی کا ہدف حاصل نہ ہوسکا اور پاکستان پر اندرونی اور بیرونی قرضے 108کھرب روپے تک جاپہنچے ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے آوٴٹ لک 2011 جاری کیا ہے جس کے مطابق پاکستان پر اندرونی قرضے 60 کھرب اور غیر ملکی قرضے 48کھرب روپے تک جا پہنچے۔ گزشتہ سال مالی خسارہ 4 فی صد تک محدود رکھنے کا ہدف تھا تاہم یہ 6.2 فی صد تک جاپہنچا۔ سیلاب کی وجہ سے زرعی شعبہ کی ترقی متاثر رہی او ر زراعت محض 1.2 فیصد بڑھی۔ بجلی کے بحران سے صنعتی عمل متاثر ہوا اور بڑے پیداواری یونٹس میں ترقی کی شرح محض 1.1 فی صد رہی۔ امن و امان کی وجہ سے سرمایہ کاری کا ماحول متاثر ہوا، 2011 میں سرمایہ کاری معیشت کا 13.4 فی صد رہی جو 2007 میں 22.5 فیصد تھی۔ افراط زر کی شرح 18 فی صد رہی اور سخت مانیٹری پالیسی اختیار کرنا پڑی۔ سیلاب کی وجہ سے مالی خسارے میں 300 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ گزشتہ سال دفاع پر معیشت کا 2.5 فی صد، سود پر 4 فی صد اور سبسڈیز پر 2.2 فی صد خرچ ہوا۔ محصولات میں اضافہ 16.7 فی صد ہوا جبکہ اس کا ہدف 20 فی صد تھا۔ قومی آمدنی میں ٹیکس کا حصہ 8.6 فی صد رہا جو 2010 میں 9 فیصد تھا۔تاہم ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کے مطابق 2012 میں معاشی ترقی قدرے بہتر ہوسکتی ہے۔




متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.