14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:19
متاثرین سیلاب کے لیے الطاف حسین کی جانب سے 25لاکھ کا عطیہ
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صوبہ سندھ میں بارش اور سیلاب متاثرین کی بھر پور امدادکیلئے ایم کیوایم کی جانب سے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کو 25لاکھ روپے عطیہ کا اعلان کیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ سندھ میں بارشوں اور سیلاب کے باعث لاکھوں افراد بے یارو مددگار ہیں اور امداد کے منتظر ہیں ایسے میں جو کوئی بھی صاحب حیثیت اپنی بساط کے مطابق بارش اور سیلاب متاثرین کی جتنی اور حتی المقدور امداد کرسکتا ہے وہ ضرور کرے اور مصیبت کی گھڑی میں دکھی انسانیت کے کام آئے ۔ انہوں نے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت ہی سب سے بڑی عبادت ہے اور خدمت خلق فاؤنڈیشن جس طرح سے اندرون سندھ بارش اور سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات سمیت امدادی اشیاء اور غذائی اجناس کی فراہمی میں مصروف ہے اس کا اجر اللہ تعالیٰ ضرور دیگا۔ الطاف حسین نے مخیر حضرات اور عوام سے اپیل کی کہ وہ سندھ میں بارش اور سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے امدادی اشیاء ، غذائی اجناس سمیت عطیات زیادہ سے زیادہ تعداد میں جمع کرائیں اور دکھی انسانیت کی بھر پور امداد میں اپنا حصہ بھی ڈالیں ۔