15 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 4:35
کراچی : 2 ٹارگٹ کلرز اور بھتہ مافیا کے کارندے سمیت 18ملزمان گرفتار
جنگ نیوز -
کراچی ... کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رپیڈ رسپانس فورس نے آپریشن اور مختلف چھاپہ مار کاروائیوں میں 2 ٹارگٹ کلرز اور بھتہ مافیاء کے کارندے سمیت 18 مشتبہ ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔لیاقت آباد کے علاقے سندھی ہوٹل کے قریب ایک گلی کا محاصرہ کرکے پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کیا، شریف آباد کے علاقے سندھ گورنمنٹ اسپتال کے قریب واقع ال اعظم اسکوائر میں بھی چھاپا مارا گیا اور4 افراد کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا گیا۔آپریشن کے دوران فلیٹس کی تلاشی بھی لی گئی،اس دوران لیڈیز پولیس بھی موجود تھی۔رات گئے الفلاح کے علاقے میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد جرائم پیشہ گروہ سے وابستہ 3 ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق سعود آباد کے علاقے میں کارروائی کے دوران ٹارگٹ کلر ظفر اندھا کو گرفتار کرلیا ہے،جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔پاک کالونی پولیس نے قتل کی واردتوں میں ملوث ملزم سہیل سمیت 4 افراد کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلئے،جبکہ خواجہ اجمیر نگری تھانے کی پولیس نے 2 ڈاکوں کو گرفتار کرلیا،،سپرہائی وے پر گڈاپ سٹی اور گلشن اقبال میں واقع قائد اعظم کالونی سے بھی دو ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔