10 جنوری 2012
وقت اشاعت: 17:20
مولانا فضل الرحمان کا نواز شریف کے نام خط
جنگ نیوز -
اسلام آباد … جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور اداروں کے درمیان فاصلے بڑھتے جارہے ہیں اور بدلتی سیاسی صورتحال میں قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ قبولیت اختیار کررہا ہے، شفاف انتخابات کے لئے چند ناگزیر امور پر مشاورت ضروری ہے۔ راجا ظفر الحق کے ذریعے میاں نواز شریف کے نام خط میں مولانا فضل الرحمان نے لکھا ہے کہ حکومت اور اداروں کے درمیان بڑھتے فاصلوں نے صورتحال کو مزید گھمبیر کردیا ہے اور تمام ادارے گومگو کی کیفیت میں مبتلا ہو کر مفلوج ہورہے ہیں۔ بیروزگاری، مہنگائی اور بجلی و گیس کی قلت نے عام آدمی کی کمر توڑ رکھی ہے۔ ساڑھے تین کروڑ جعلی ووٹوں کی نشاندہی کے بعد ووٹرز لسٹوں کی تکمیل کیلئے نادرا کا نقطہ نظر معلوم کرنا ہوگا جب کہ کمپیوٹرائزڈ ووٹرز لسٹوں کی روشنی میں الیکشن کے مہینے کا تعین بھی کرانا ہوگا۔ مولانا نے مطالبہ کیا کہ دیگر جماعتوں کی تجاویز لے کر آزاد الیکشن کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا جائے اور قابل قبول عبوری حکومت کے لئے مشاورت کی جائے۔ انہوں نے نواز شریف کو پیش کش کی ہے کہ متفقہ سیاسی موٴقف کی تشکیل کے لئے آگے بڑھیں اور مطالبات کی منظوری کے لئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے۔