5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
کراچی:فائرنگ سے مزید5افراد ہلاک،مختلف علاقوں میں کشیدگی
جنگ نیوز -
کراچی . . . کراچی میں گزشتہ روز سے جاری فائرنگ کے واقعات میں اب تک14افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ایک درجن سے زائد زخمی ہیں تاہم مختلف علاقوں میں کشیدگی تاحال برقرار ہے۔پولیس حکام کے مطابق لیاری کے علاقے آٹھ چوک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جمعہ نامی شخص ہلاک ہوگیا جس کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔فرنٹیر کالونی میں بھی نامعلوم افرادنے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس سے میاں بیوی ہلاک ہوگئے،تاہم دونوں کی شناخت نہیں ہوسکی ،گلستان جوہر میں بھی نامعلوم افرادکی فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ،قصبہ کالونی میں مدینہ موڑ کے قریب مسلح افرادنے بس پر فائرنگ کر دی جس سے ضیاہلاک ہوگیا، ملیر الفلاح میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا سیاسی جماعت کاکارکن مبین الحق دوران علاج اسپتال میں چل بسا، رینجرز اور پولیس نے قصبہ کالونی اور اورنگی ٹاؤن میں شرپسندعناصر کے خلاف آپریشن کیا اورمشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔اس سے قبل مسلح افرادنے کٹی پہاڑی کے قریب بس پر فائرنگ کی تھی جس سے تین افراد زخمی ہوئے تھے،اورنگی ٹاؤن تیرہ نمبر میں مسلح افرادنے فائرنگ کر کے ایک شخص کوہلاک کردیاتھا۔قصبہ کالونی میں مسلح افردنے ایک ٹریلر کوبھی آگ لگانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کراسے مکمل جلنے سے بچالیا،سرجانی ٹاؤن،سمن آباد اورلیاری میں بھی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 4افراد زخمی ہوگئے۔اس سے قبل کورنگی کے علاقے پی این ٹی کالونی میں مسلح افرادنے گاڑی پر فائرنگ کر کے جسقم کے4 کارکنان نسیم حیدر ،وسیم حیدر،پپو اور غلام حیدر کو فائرنگ کرکے ہلاک جبکہ ایک شخص کو زخمی کردیا تھا۔