5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
سندھ، نہری پانی کی قلت کے خلاف عوامی تحریک کا احتجاج
جنگ نیوز -
حیدر آباد . . . ملک کے مختلف علاقوں میں عوامی تحریک کی جانب سے نہری پانی کی قلت اور سندھ کے وسائل پر قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ حیدرآباد میں عوامی تحریک کے زیر اہتمام نہری پانی کی قلت، ٹارگٹ کلنگ اور قومی وسائل کی لوٹ مار کے خلاف پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیرزاہد برگڑی کے گھر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ۔ مظاہرے کی قیادت عوامی تحریک کے مرکزی سیکریڑی جنرل محمد خان برگڑی، سید عالم شاہ اور دیگر قائدین کر رہے تھے مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پنجاب نے سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈال کر سندھ کے زرعی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ سندھ کے مسکین عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں ہے۔ مقررین نے کہا کہ کل تک کالا باغ ڈیم کے خلاف احتجاج کرنے والے آج اقتدار میں آکر کالا باغ ڈیم کی حمایت کر رہے ہیں۔لاڑکانہ میں عوامی تحریک کی جانب سے نہری پانی کی قلت کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا گیا، بعدازاں مظاہرین نے اسپیکر سندھ اسمبلی نثار کھوڑو کی رہائش گاہ کے باہر کچھ دیر تک مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ اندرون سندھ زرعی پانی کی قلت ختم کرنے کا بندوبست کیا جائے۔عمر کوٹ کے علاقے کنری میں عوامی تحریک کے زیر اہتمام نہری پانی کی قلت کے خلاف مظاہرہ کیا گیا، کارکنوں نے کنری میں اللہ والا چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی جس کے بعد پریس کلب پر دھرنا دیا گیا۔ عوامی تحریک کے مقامی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہری پانی کی قلت کے باعث ان کے زمینیں بنجر ہورہی ہیں۔سکھر میں عوامی تحریک کی جانب سندھ کے وسائل پر قبضے کے خلاف مرکزی رہنما حکیم زنگیجو کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ٹھٹھہ میں نہری پانی کی قلت کے خلاف عوامی تحریک کے کارکنوں نے پی پی پی کے رکن وصوبائی اسمبلی صادق میمن کے گھر کے باہر دھرنا دیا۔