5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
امریکی کمانڈر جنرل اسٹینلے میک کرسٹل کو برطرف کردیا گیا
جنگ نیوز -
واشنگٹن…امریکی صدر بارک اوبامانے افغانستان میں امریکی فوج کے سربراہ جنرل اسٹینلے میک کرسٹل کو برطرف کردیاہے۔ امریکی میڈیارپورٹس کے مطابق جنرل میک کرسٹل کواوباما اورقومی سلامتی کے مشیر جم جونز اور نائب صدر جو بائیڈن کی افغان پالیسی پر شدید تنقید اور تمسخر اڑانے کی پاداش میں ان کے عہدے سے بر طرف کیا گیا ہے۔جنرل میک کرسٹل کے متنازعہ بیانات کے سامنے آنے کے بعد انہوں نے صدر بارک اوباما سے تنہائی میں اکتیس منٹ تک ملاقات کی۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل میک کرسٹل کے متنازعہ بیانات پر ان سے جواب طلب کیا گیا۔جنرل اسٹینلے میک کرسٹل کو افغان پالیسی کے حوالے سے منعقد کئے گئے اجلاس میں بھی شرکت کرنی تھی تاہم صدر اوباما سے ملاقات کے بعد انہیں اس اجلاس میں شرکت سے روک دیاگیا۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر اوباما نے میک کرسٹل کی برطرفی کے بعد جنرل ڈیوڈپیٹریاس کو افغانستان امریکی فوج کا سربراہ مقرر کردیاہے۔