5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
قومی اسمبلی:50ارب روپے سے زائد کے مطالبات زر کی منظوری
جنگ نیوز -
اسلام آباد…قومی اسمبلی نے وفاقی بجٹ11-2010 کے لئے14 کھرب،10 ارب ،96 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے142 مطالبات زر کی منظوری دے دی ہے۔ قومی اسمبلی میں بجٹ پر گزشتہ روز بحث مکمل ہونے کے بعد آج مختلف وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کے مطالبات زر کی منظوری دی گئی، ایوان نے کامرس ڈویژن کے4 ارب91 کروڑ روپے سے زائد ، ڈیفنس ڈویژن ، ڈیفنس سروسز اور دفاعی پیداوار کے ایک ارب74 کروڑ روپے سے زائد کے مطالبات زر منظور کئے ، ایچ ای سی کے79 کروڑ ، ماحولیات کے22 کروڑ روپے ، فنانس ڈویژن کے80 کروڑ روپے سے زائد کے مطالبات زر منظور کئے گئے، اسمبلی نے وفاق اور صوبوں میں امداری رقوم اور متفرقات کے46 ارب39 کروڑ روپے ، وزارت خارجہ کے11 ارب76 کروڑ روپے اور وزارت اطلاعات کے2 ارب74 کروڑ سے زائد کے مطالبات زر منظور کئے گئے،، مطالبات زر منظور ہونے بعد دوپہر کے وقفہ سے پہلے اسمبلی میں کٹوتی کی تحاریک پر بحث شروع ہوئی تو اپوزیشن ارکان نے کابینہ ڈویژن اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطالبات زر میں کٹوتی کی203 تحاریک پیش کیں۔