تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43

عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

جنگ نیوز -
کراچی…سینٹرل مانیٹرنگ…سگریٹ نوشی کے خلاف 2002 میں آرڈینینس نافذ العمل ہونے کے باوجود پاکستان میں ہر دن عوامی اور تجارتی مقامات پر سگریٹ نوشی کرکے اس قانون کو توڑنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔پاکستانی معاشرے میں مضرِ صحت اس خطرناک رجحان میں اضافے کے خلاف اب عوام بھی سراپا احتجاج ہیں اوران کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف انہیں جیل بھیجا جائے بلکہ ان پرجرمانہ بھی عائد کیا جائے۔ تحفظّ ِ صارفین نیٹ کے سربراہ ڈاکٹر عارف آزاد کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ نہ صرف تمام عوامی اور تجارتی مقامات پر انسداد سگریٹ نوشی سے متعلق سائن بورڈ ز آویزاں کروائے بلکہ انسداد سگریٹ نوشی کے قانون پر بزورِ قوت عمل درآمد کے ساتھ ساتھ سگریٹ نہ پینے والوں کو اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف شکایت درج کروانے کی مہم بھی چلائے ۔ایک طالب علم کا کہنا ہے کہ اگر وہ کسی کو عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی سے منع کرتا ہے تو اس کا جواب یہی ہوتا ہے ”کہاں لکھا ہے“۔ طالبعلم کے مطابق یہ سب دراصل شعور کی کمی کا نتیجہ ہے۔ ایک شہری کا کہنا ہے کہ انسداد سگریٹ نوشی آرڈیننس کو موثر بنانے کا واحد حل یہی ہے کہ عوامی مقام پر سگریٹ پینے والوں کونہ صرف جیل بھیج دیا جائے بلکہ ان پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے۔مگر اسلام آباد جہاں قوم کے منتخب نمائندگان جمع ہوتے ہیں، کے ڈپٹی کمشنر امیر علی احمد کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے عوامی اور تجارتی مقامات پر No Smoking کے سائن بورڈ ز آویزاں ہونے کے باوجود شہری انتظامیہ نے اس پر کبھی کوئی توجہ ہی نہیں دی۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.