5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
دنیا بھر میں 24کروڑ50لاکھ خواتین بیوہ ہیں، اقوام متحدہ
جنگ نیوز -
اقوام متحدہ…سینٹرل مانیٹرنگ…اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا بھر میں24کروڑ50لاکھ خواتین بیوہ ہیں جن میں سے 11کروڑ50لاکھ خواتین انتہائی غربت کی زندگی گزاررہی ہیں۔اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی 20لاکھ اور عراق کی 7لاکھ40ہزار بیوائیں سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہیں ۔ ان ممالک پر امریکی حملے نے انہیں بیوگی کی زندگی تو دی ہی ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ ان کا استحصال بھی کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق بیواؤں سے نارروا سلوک صرف تیسری یا ترقی پذیر دنیا کا مسئلہ نہیں بلکہ ترقی یافتہ ممالک سمیت پوری دنیا میں بیواؤں کے ساتھ برا سلوک کیا جاتا ہے۔زیادہ تر خواتین کو شوہر کے انتقال کے بعد ان کی جائیداد اور دولت سے بے دخل کردیا جاتا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کی کفالت بھی نہیں کرسکتیں۔ اقوام متحدہ کی اس رپورٹ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ بیواؤں کا تعلق دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک چین سے ہیں جن کی تعداد 4کروڑ30لاکھ ہے جبکہ بھارت میں بیواؤں کی تعداد 4کروڑ20لاکھ اور امریکا میں ایسی خواتین کی تعدادایک کروڑ36لاکھ ہے۔اس کے علاوہ انڈونیشیا میں94لاکھ، جاپان74لاکھ، روس 71لاکھ، برازیل56لاکھ، جرمنی 51لاکھ اور بنگلہ دیش اور ویت نام میں 47،47لاکھ خواتین بیوہ ہیں۔بعض ترقی پذیر ملکوں میں ایسی بیواؤں کا بھی پتا چلا ہے جن کی عمریں7سے 17سال کے درمیان ہیں مگر یورپ اور وسطی ایشیا میں بیوہ خواتین کی کوئی قابل ذکر تعداد نہیں ۔