5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
مالی سال کا اختتام، وفاق کے علاوہ صوبائی حکومتوں کے قرضوں میں اضافہ
جنگ نیوز -
کراچی…راجہ کامران…مالی سال کے اختتام پر وفاق کے علاوہ صوبائی حکومتوں کے قرض میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور تین صوبوں نے قرضوں کی حد کا56فی صد استعمال کر لیا ہے جب کہ صرف بلوچستان مرکزی بینک کا مقروض نہیں۔اسٹیٹ بینک کے صوبائی قرضوں سے متعلق جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق صوبوں نے مرکزی بینک سے مجموعی طور پر23 ارب91 کروڑ روپے قرض لیا ہے جبکہ مرکزی بینک سے قرض کی حد47 کروڑ روپے ہے۔ اس طرح صوبہ سندھ، خیبر پختون خواہ اور پنجاب نے مرکزی بینک سے قرض لینے کی حد کا56 فی صد قرض استعمال کرلیا ہے۔ صوبہ سندھ نے مرکزی بینک سے قرض کی حد کا84 فی صد تک قرض حاصل کر لیا ہے۔ صوبہ سندھ نے مرکزی بینک سے8 ارب42 کروڑ روپے قرض لیا ہے جبکہ اس کی حد9 ارب95 کروڑ روپے ہے۔ خیبر پختون خوا نے90 کروڑ روپے قرض لیا ہے جبکہ اس کی حد5 ارب55 کروڑ روپے ہے جب کہ صوبہ پنجاب نے مرکزی بینک سے14 ارب59 کروڑ روپے قرض لیا ہے اور اس کی حد26 ارب99 کروڑ روپے ہے۔ صوبہ بلوچستان واحد صوبہ ہے جس نے مرکزی بینک سے کوئی قرض نہیں لیا اور اس کے اکاؤنٹ میں2 ارب85 کروڑ روپے موجود ہیں۔واضح ہو کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاشی بحالی کے معاہدے کے تحت صوبائی حکومتوں کے مرکزی بینک سے قرض لینے کی حد صوبے کے ملازمین کی چھ ہفتے کی تنخواہ کے مساوی مقرر کردی ہے اور صوبے اس سے زائد رقم مرکزی بینک سے قرض نہیں لے سکتے ہیں۔