5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
کراچی،امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کیلئے ذوالفقار مرزا کی ہدایات
جنگ نیوز -
کراچی…وزیرداخلہ سندھ ڈاکٹرذوالفقارمرزانے شہرمیں امن وامان کی صورتحال اورشہریوں کی جان ومال کی سیکیورٹی کے حوالے سے پولیس ، پاکستان رینجرز سندھ، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سمیت انٹیلی جینس اداروں کو ہدایات دیں کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے مشاورت کرکے شہرکوغیرقانونی اسلحے سے پاک کرنے کے لیے موٴثرلائحہ عمل ترتیب دیاجائے۔محکمہ داخلہ سندھ کے اعلامیہ کے مطابق صوبائی وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزانے ہدایات دیں کہ غیرقانونی اسلحے کی برآمدگی اورجرائم پیشہ عناصر کے خلاف منظم ایکشن باقاعدہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت ہی کیاجائے اوراس ضمن میں تمام ترکارروائی میں علاقوں میں ریکی نظام، خفیہ سراغ رسانی اورانٹیلی جینس اطلاعات کے حصول کوفوقیت دی جائے تاکہ دوران ایکشن قانون پسندشہری متاثرنہ ہوں اورزیادہ سے زیادہ کامیابیاں میسر آسکیں۔انہوں نے پولیس کو ہدایات دیں کہ ہائی پروفائل کیسزاورسنگین نوعیت کے جرائم کے مقدمات کی سنجیدگی سے چھان بین اور تفتیش کی جائے اور ٹھوس شواہدکے تحت متعلقہ عدالتوں میں چالان پیش کیے جائیں تاکہ گرفتارملزمان کومثالی سزاؤں کے عمل کویقینی بنایاجاسکے۔ امن وامان کے حوالے سے متاثرہ علاقوں کے تھانوں میں ایلیٹ فورس کے تربیت یافتہ کمانڈوز، پولیس افسران و اہلکاروں کی تعیناتی کے اقدامات ممکن بنائے جائیں اور ایسے تمام علاقوں میں پولیس اور رینجرزکی مشترکہ پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ اور داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کے لیے تمام تر عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ہدیاات دیں کہ شہر میں دفعہ 144کے تحت لگائی گئی تمام پابندیوں بالخصوص اسلحہ لے کرچلنے اور نمائش کی پابندی پرعمل درآمدکے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اوربلاامتیازکارروائیوں کویقینی بنایاجائے۔ انہوں نے پولیس پرزوردیاکہ قانون پسندشہریوں کے ساتھ حسن سلوک اوربرتاوٴ میں مزیدبہتری لائی جائے اورچادروچار دیواری کے تقدس کا خیال رکھاجائے بصورت دیگرسخت کارروائی کاسامناکرناپڑے گا۔