تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43

پنجاب اسمبلی کے حلقہ160سے ن لیگ کامیاب،غیر سرکاری نتائج

جنگ نیوز -
لاہور…صوبائی اسمبلی کے حلقہ160لاہورکے ضمنی انتخاب میں غیرسرکاری اورغیرحتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوارملک سیف الملوک کھوکھرنے کامیابی حاصل کر لی ہے،جیت کا اعلان ہونے پرمسلم لیگ ن کے مرکزی انتخابی دفتر میں جشن منایا گیا،دوسری جانب تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے نتائج کو مسترد کر دیا ہے۔پی پی160لاہورکے ضمنی انتخاب کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق کل145پولنگ اسٹیشنوں میں سے144پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج سامنے آچکے ہیں،اس طرح اب صرف ایک پولنگ اسٹیشن کا نتیجہ آنا باقی ہے،غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک سیف الملوک27ہزار829 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے،ان کے قریب ترین حریف تحریک انصاف کے امیدوار ملک ظہیرعباس کھوکھر نے19ہزار163 ووٹ حاصل کئے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوارجہانگیر بارا7ہزار838ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہے،جیت کا اعلان ہونے پرمسلم لیگ ن کے امیدوارکے مرکزی انتخابی دفترمیں زبردست جشن منایا گیا،جہاں مرداور خواتین کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔مسلم لیگ ن کے امیدوارملک سیف الملوک کھوکھرنے جیت کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ حلقے کے لوگوں نے انہیں نہیں،بلکہ میاں نوازشریف اورمیاں شہبازشریف کوووٹ دیئے ہیں۔اس سے پہلے تمام دن پولنگ کے دوران مختلف پولنگ اسٹیشنز پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے کارکنوں سے لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی سامنے آتے رہے،سب سے زیادہ ہنگامہ آرائی شادیوال پولنگ اسٹیشن پر ہوئی،جہاں تحریک انصاف کے کارکنوں نے مسلم لیگ ن پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے ان کے پوسٹروں اور بینروں کو آگ لگا دی،پولیس کو ہنگامہ آرائی ختم کرانے کیلئے لاٹھی چارج کرنا پڑا۔تحریک انصاف لاہورکے صدر محمود الرشید نے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مسلم لیگ ن کی نہیں بلکہ پنجاب پولیس کی جیت ہوئی ہے۔






متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.